عکس کے معنی

عکس کے معنی ، تشریح، مترادف اور تفصیل

{ عَکْس }

تفصیلات

iعربی زبان سے مشتق اسم ہے۔ ثلاثی مجرد کے باب کا مصدر بھی ہے۔ اردو میں بطور اسم استعمال ہوتا ہے اور سب سے پہلے ١٦١١ء کو "کلیات قلی قطب شاہ" میں مستعمل ملتا ہے۔, m["الٹا ہوا لفظ","الٹا ہونا","وہ تصویر جو پانی میں نظر آئے","کسی رنگ کا اثر"]

عکس عَکْس

اسم

اسم نکرہ ( مذکر - واحد )

اقسام اسم

  • جمع : عُکُوس[عُکُوس]

عکس کے معنی

١ - الٹ، الٹا کرنا، منقلب کرنا، تقلیب۔

"اس کا عکس (Converse) بھی صحیح ہے، یعنی دو سفری موجوں کے انطباق سے ہم ایک ایستادہ موج بھی حاصل کر سکتے ہیں۔" (١٩٧٤ء، موجیں اور اہتزازات، ١٥٩)

٢ - شبیہ جو پانی یا آئینے وغیرہ میں دکھائی دے۔

"پانی کی سفید تھالی میں اپنے سرکا عکس دیکھتا رہا۔" (١٩٨٨ء، نشیب، ١٨٦)

٣ - شبیہ، تصویر، شکل۔

"لارڈ ماونٹ بیٹن کو اپنے آخری دم تک یہ یقین رہا کہ پاکستان کا مطالبہ جناح صاحب کی اس آرزو کا عکس تھا کہ ان کے مخالفین ان کے سامنے اظہار عجز کریں۔" (١٩٨٤ء، مقاصد و مسائل پاکستان، ١٢)

٤ - پر تو، جھلک۔

"یہ قوت قدرت کی تخلیقی طاقت کا ایک عکس ہے۔" (١٩٨٤ء، مقاصد و مسائل پاکستان، ١١٧)

٥ - پرچھائیں، سایہ۔

"رخساروں کی چمک دمک ایسی تھی کہ ڈاڑھی کی سیاہی کا عکس ان میں اس طرح پڑتا تھا جیسے آئینے میں۔" (١٨٨٤ء، تذکرۂ غوثیہ، ١٠٦)

٦ - نقل، کاپی۔

"انہوں نے مسودہ تو اپنے پاس رکھ لیا اور اس عکس میرے حوالے کرتے ہوئے فرمایا۔" (١٩٨٢ء، اردو قواعد، شوکت سبزواری، (حاشیہ)، ٥)

٧ - [ منطق ] موضوع کو محمول اور محمول کو موضوع بنانے کا عمل یا وہ قضیہ جو کسی قضیے کے موضوع کو محمول اور محمول کو موضوع بنانے سے صورت پذیر ہو۔

"اسی کا عکس نقیض یہ ہو گا۔" (١٩٤٠ء، اسفار اربعہ (ترجمہ)، ٧٩٤:١)

٨ - [ تصوف ] اعیانِ ثابتہ کو کہتے ہیں جو وجود کا عکس ہے۔ (مصباح التعرف)

"فرشتے نوری ہیں اور نور کو نار کا عکس بیان کیا جاتا ہے، پس ثابت ہوا کہ فرشتے آگ میں زندہ نہیں رہ سکتے۔" (١٩١٥ء، سی پارۂ دل، ١٩٢:١)

٩ - ضد۔

"ایک دین نیا نکالا ہے اور معلوم ہوا ہے کہ بسبب اس اختراع کے ہم سے کیسا عکس و نزاع پیدا کیا ہے۔" (١٨٥٥ء، غزواتِ حیدری، ٢١٢)

١٠ - عداوت۔

عکس کے مترادف

تصویر, سایہ, ضد, انعکاس

اُلٹ, انعکاس, پرتو, پرچھائیں, تصویر, سایہ, ضد, ضِد, ظِلّ, عداوت, عَکَسَ, فوٹو

عکس کے جملے اور مرکبات

عکس نما, عکس بینی, عکس بندی

عکس english meaning

the reverse (of)the converseor the contrary (of); counterpart; inversion; reflectiona shadowa reflected image (as in a mirroror water) opposition; spite.a shadow or reflected image (as in a glass)conversecounterpartphotographreflection

شاعری

  • پھولوں کے عکس سے نہیں جوئے چمن میں رنگ
    گل بہ چلے ہیں شرم سے اُس مہ کی آب ہو
  • تیری قربت کے سبھی عکس مرے قیدی تھے
    تُونے اے جاں‘ پسِ مژگاں کبھی دیکھا ہی نہ تھا
  • سخن کے سارے سلیقے زباں میں رکھتا ہے
    نہیں کا عکس نہاں اپنی ہاں میں رکھتا ہے
  • عکس اُس کا پڑگیا جب سطح پر
    ہوگیا دو لخت پانی نہر کا
  • میں چاہتی ہوں‘ مرا عکس مجھ کو لوٹا دے
    وہ آئنہ جسے اک بار میں نے دیکھا تھا
  • میں کوئی اور نہیں عکس نما ہوں تیرا
    تُو مرے سامنے آنے سے گریزاں کیوں ہے
  • میں خیال ہوں کسی اور کا‘ مجھے سوچتا کوئی اور ہے
    سرِ آئینہ مرا عکس ہے‘ پس آئینہ کوئی اور ہے
  • تُو عکس ہے تو کبھی میری چشمِ تر میں اتر
    ترے لئے میں کہاں آئینے تلاش کروں
  • جانے کب تک تیری تصویر نگاہوں میں رہی
    ہوگئی رات تیرے عکس کو تکتے تکتے!
  • سوچ تو لیتے کہ آئینے میں کس کا عکس ہے
    اِک ذرا سی بات پر اس درجہ حیراں ہوگئے

محاورات

  • برعکس نہند نام زنگی کافور
  • عکس پڑنا یا پذیر ہونا
  • عکس گیر ہونا
  • عکس کھینچنا

Related Words of "عکس":